دبئی،6مارچ(ایجنسی) کچھ روز قبل روسی ماڈل ویکی اوڈنٹوکووا کی جانب سے دبئی کے ایک میرینا ٹاور سے لی گئی خطرناک ترین سیلفی کے بعد ایک اور "دیوانے" نے اسی طرح کی "جاں بازی" کا مظاہرہ کیا ہے۔
اس مرتبہ یہ مہم جوئی انجام دینے والا ایک یورپی نوجوان ہے۔ اس نے چند ہفتے قبل دبئی میں ایک زیر تعمیر ٹاور پر انتہائی بلند مقام سے خطرناک مناظر کی وڈیو بنائی اور پھر انہیں سوشل میڈیا اور یوٹیوب پر پوسٹ کر دیا۔ دبئی کی پولیس نے 3 روز قبل مذکورہ نوجوان کو بلا کر ایک حلف نامے پر دستخط کروائے ہیں جس کے مطابق وہ آئندہ اس نوعیت کی
خطرناک حرکت نہیں کرے گا جس سے اس کی جان بھی جا سکتی تھی۔
دبئی پولیس کے سینئر عہدے دار سالم خلیفہ الرمیثی نے روزنامہ البیان کو بتایا کہ " یہ جاں باز وزٹ ویزا پر متحدہ عرب امارات آیا تھا۔ وہ کیمرے کو اپنے سر پر نصب کرنے کے بعد دبئی کے ایک زیر تعمیر ٹاور پر لگی کرین پر چڑھ گیا جس کی بلندی کم از کم 55 منزلہ کے برابر تھی۔ بعد ازاں یورپی نوجوان نے خطرناک ترین مناظر پر مشتمل وڈیو کو سوشل میڈیا پر پھیلا دیا۔ اس کو اندازہ نہیں کہ اُس نے کتنا خطرناک اور غیر ذمے دارانہ کام کیا ہے۔ اس نوجوان کی حرکت زیر تعمیر عمارتوں کے حوالے سے شہریوں کے تحفظ سے متعلق قوانین کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے"۔